بچھڑے فارم کی کامیابی کیلئے بہت اہم ہیں کیونکہ یہ فارم کیلئے مستقبل کے دودھ یا گوشت کی پیداوار کیلئے پرانے جانوروں کا بہترین نعمل بدل ہیں۔ اور مالکان کیلئے مستقبل کی جائیداد ہیں. بچھڑوں کی مناسب دیکھ بھال سے آپ بڑا مالی فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
الف۔ نئے پیدا شدہ بچھڑے کا ناڑہ تقریباً 3 انچ ماں کے جسم سے ہٹ کے باندھنا چاہئے اور پھر کر کسی تیز آلے (جیسے بلیڈ وغیرہ) سے کاٹنا چاہئے۔ کاٹنے کے بعد اسے ٹینکچر آیوڈین لگانا چاہئے تاکہ زخم نہ بنے. اگر آیوڈین دستیاب نہیں تو ڈیٹول یا کوئی سا اینٹی سیپٹک محلول استعمال کریں۔
ب۔ بچھڑے کی ماں کو اسے چاٹنے دیں اگر یہ ممکن نہ ہو تو بچھڑے کو صاف اور نرم کپڑے سے احتیاط سے صاف کریں۔ خاص طور پر اسکی ناک، کان، اور آنکھوں کو اچھے طور پر صاف کرنا چاہئے۔ بچھڑے کو گرم اور صاف جگہ دیگر جانوروں سے علیحدہ رکھنا چاہئے۔
ج۔ بچھڑے کی صحت کیلئے ضروری ہے کہ اسے تین دن تک ماں کا گاڑہ دودھ “لبا” (کولسٹرم) پلانا چاہئے، اگر شروع میں بچھڑے کو ماں کے تھنوں سے دودھ پینے میں دقت ہو تو اس کی مدد کریں۔ یاد رکھیں بچھڑے کی پیدائش کے ۵ گھنٹے کے اندر اندر اسے لبا پلائیں، یہ بچھڑے کی صحت کیلئے اہم ہے۔ پیدائش کے ۲۴ گھنٹے میں بچھڑے کو کم از کم تین چار بار ماں کا دودھ پلائیں اور وہ جتنا پینا چاہے اسے پینے دیں۔
ح۔بچھڑوں کو 15 دن تک انکے وزن کے تقریباً 10 فیصد کے برابر ماں کا دودھ پلانا چاہئے. دودھ پلانے کیلئے فیڈر بوتل یا بالٹی استعمال کی جاسکتی ہے۔ برتن کو اچھی طرح سے دھونا چاہئے، گندے برتن کے استعمال سے بچھڑے بیمار پڑ سکتے ہیں۔ اسکا دوسرا مروج طریقہ یہ ہے کہ دودھ دوہنے کے بعد بچھڑے کو ماں سے دودھ پینے دیا جائے۔
ز۔ پندرھ دن سے ایک مہینے تک انہیں انکے وزن کے 15 فیصد وزن کے برابر ماں کا دودھ پلانا چاہئے اور انہیں سبز گھاس اور دانہ دینا شروع کردینا چاہئے۔ گھاس کو زمین پر رکھنے کے بجائے کسی برتن میں ڈالیں یا گٹھے بناکر کسی کھَمبے سے باندھ دیں۔
ط۔ سبز گھاس کیساتھ خشک گھاس، بھوسہ اور دانہ دار خوراک بڑھاتے رہنا چاہئے اور دودھ کی مقدار آہستہ آہستہ گھٹائی جانی چاہئے۔ ساتھ ساتھ خوراک میں تھوڑی مقدار میں ضروری اجزا جیسے وٹامن۔منرل پریمکس شامل کرنا چاہئے اور پانی کی 24 گھنٹے فراہمی یقینی بنانی چاہئے۔ بچھڑے ایک سے دو ہفتے کی عمر سے پانی پینا شروع کردیتے ہیں۔ پہاڑی نمک (لاھوری نمک) بھی بچھڑے کو دن میں دو تین مرتبہ تھوڑا تھوڑا چٹانا چاہئے۔
ظ۔ تقریباً ۸ سے ۱۰ ہفتے میں انہیں گھاس اور دیگر خوراک کا عادی بنایا جائے اور دودھ اس کے بعد دودھ دینا بند کرنا چاہئے۔
ع۔ بچھڑوں کو پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کیلئے ادویات ہر چھ مہینے بعد پلانا ضروری ہے اور سال کے مقرر اوقات میں ویکسین کے ٹیکے بھی بالضرور لگوانے چاہئے۔
و۔ بچھڑوں کو گرمی اور سردی سے بچانے کا مناسب بندوبست کرنا چاہئے۔
ھ۔ بہتر خوراک اور مناسب دیکھ بھال سے بچھڑے صحتمند رہیں گے اور جلدی جوان ہونگے۔