کیٹ فش ایسی مچھلیاں ہیں جو دیگر مچھلیوں یا آبی جانداروں کا شکار کرکے کھاتی ہیں، دوسرے لفظوں میں یہ گوشت خور مچھلیاں ہیں۔ انکی کئی اقسام پاکستان میں موجود ہیں جو کہ نہروں اور جھیلوں میں پائی جاتی ہیں جن میں سنگھاڑی، ملی، کھگہ اور سول مشہور ہیں۔ کیٹ فش دنیا بھر میں تالابوں اور کیجز (پنجروں) میں پالی جاتی ہیں۔ لوگ انہیں شوق سے کھاتے ہیں، پاکستان میں بھی انہیں پسند کیا جاتا ہے۔ لیکن پاکستان میں کیٹ فش کی فارمنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بہت کم لوگ انہیں پال رہے ہیں۔ ان کی افزائش نسل کیلئے پاکستان میں ابھی تک کوئی مخصوص ہیچری نہیں ہے جہاں سے کیٹ فش کا بچہ حاصل کیا جاسکے۔ تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کچھ ہیچریوں پہ ان کی بریڈنگ کی کوشش بڑی تگ و دو سے کی جارہی ہے، امید ہے جلد ان کا بیج ملک کے اندر بھی کمرشیل پیمانے پر پیدا ہوسکے گا۔ لیکن پچھلے سال سے کچھ لوگ کیٹ فش کی مختلف اقسام کے بیج درآمد کر رہے ہیں جو کہ اچھی بات ہے۔ دیگر مچھلیوں کے برعکس کیٹ فش پالنا ایک مہنگا کاروبار ہے، کیونکہ کیٹ فش کو فیڈ یا دیگر خوراک جیسے مچھلیاں کھلانا ضروری ہیں۔ ہم یہاں فیڈ کے علاوہ چارہ مچھلی یا فوریج فش کے ساتھ کیٹ فش کی فارمنگ کے متعلق بھی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔
مزید پڑھئے
کیٹ فش کتنی ڈالنی چاہئے؟ اس کا جواب سادہ سا ہے کہ آپ کے تالاب میں کتنی خوراک (چارہ مچھلیاں) موجود ہیں یا پیدا کر سکتے ہیں یا جتنا فیڈ کا انتضام کرسکتے ہیں اس حساب سے بچہ ڈالیں گے۔ دوسرے لفظوں میں آپ مچھلی کو جتنی خوراک دے سکتے ہیں اتنا بچہ ڈالیں گے۔ آپکی آسانی کیلئے اتنا کہہ سکتے ہیں کہ اگر آپ گوشت خور مچھلیاں پالنا چاہتے ہیں تو ابتدا میں فی ایکڑ ایک سے دو ہزار کے درمیان سیڈ ڈالیں۔ اگر زیادہ ڈالنا چاہتے ہیں تو ۳۰۰۰ سے کسی صورت زیادہ نہ ڈالیں۔اگر آپکو فش فارمنگ کا کوئی تجربہ نہیں تو کیٹ فش ایک ہزار سے بھی کم ڈالیں۔ جیسے جیسے آپ کو فش فارمنگ میں تجربہ ہوگا ویسے آپ مچھلی کی تعداد بھی بڑھا سکتے ہیں۔ دیگر ممالک میں لوگ 20000 سے 25000 فی ایکڑ تک بھی مچھلی ڈالتے ہیں۔ لیکن اسکے لئے تجربے اور مہارت کے ساتھ ساتھ وسائل بھی زیادہ فراہم کرنے ہونگے جیسے فیڈ اور تالاب میں آکسیجن کیلئے ایریٹر لگانا۔
کیٹ فش کہاں سے لیں؟ آجکل کچھ لوگ کیٹ فش کی مختلف اقسام کے بیج درآمد کر رہے ہیں۔ فیس بک گروپ "فش فارمنگ پاکستان"سے انکی انفارمیشن مل جائے گی۔ اسکے علاوہ کیٹ فش کی کئی اقسام کا سیڈ پانی کے قدرتی ذرائع سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے جیسے جھیلیں، نہریں یا دریا وغیرہ۔ اگر فلوٹنگ فیڈ پر پالنا چاہتے ہیں تو کیٹ فش کے بیج ایک ہی جنس کے ہوں اور انکا سائیز بھی ایک سا ہونا چاہئے۔ اگر چھوٹے بڑے ہونگے اور تالاب میں ان کی خوراک کم ہوگی تو وہ ایک دوسرے کو کھا جائیں گے۔ اگر چارہ مچھلی پر انہیں پالنا ہے تو دو سے تین قسم کی کیٹ فش ڈال سکتے ہیں اور اگر بیج کا سائز کم زیادہ ہے تو بھی مضائقع نہیں۔ کیٹ فش کی خوراک: کیٹ فش کو پابندی سے اور ضرورت کے مطابق خوراک دینی چاہئے۔ کیٹ فش کا بچہ لانے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچہ مچھلی کی ضرورت کے مطابق فیڈ یا ٹریش فش کا انتضام ہے یا چارہ مچھلی (فوریج فش) وافر مقدار میں تالاب میں موجود ہیں۔ کیونکہ کیٹ فش گوشت خور مچھلیاں ہیں، اگر انکی خوراک کم ہوگی تو وہ ایک دوسرے کو کھا جائیں گی۔ اکثر ممالک میں کیٹ فش مچھلیوں کو تیار شدہ کمرشیل خوراک دی جاتی ہے، جو خوراک کے لازمی اجزا جیسے پروٹین، لائپڈ (فیٹس) اور کاربوہائڈریٹ کے علاوہ وٹامن اور منرل پر مشتمل ہوتی ہے اور مکمل نیوٹریشن ہوتی ہے۔ جہاں کمرشیل خوراک دستیاب نہیں انہیں چھوٹی مچھلیوں کے ساتھ رائس پولش اور دیگر اجزا مکس کرکے کھلائے جاتے ہیں۔ پاکستان میں بھی ابھی تک مچھلیوں کیلئے اور خاص طور پہ کیٹ فش کیلئے کمرشیل خوراک آسانی سے دستیاب نہیں اسلئے ہم یہاں چھوٹی مچھلیاں جو عام طور پہ ٹریش فش کہلاتی ہیں اور نہروں، تالابوں اور جوہڑوں میں کثرت سے پائی جاتی ہیں کو خوراک کے طور پہ تجویز کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کمرشیل خوراک اور ٹریش فش کی نیوٹریشن ویلیو مختلف ہے لہٰذا دونوں کے وزن مختلف ہوں گے۔ ٹریش فش، فلوٹنگ فیڈ کے مقابلے میں تین گنا زیادہ مقدار میں دینا ہوگی۔ ٹریش فش اور رائس پولش پر مشتمل مندرجہ ذیل وزن میں خوراک دینی چاہئے۔
پہلے مہینے: روزانہ بچہ مچھلی کے وزن کے 15 فیصد کے برابر خوراک دینی چاہئے۔ یعنی اگر آپکی مچھلی کا وزن 10 کلوگرام ہے تو 1.5 کلوگرام اور اگر تو مچھلی کا کل وزن 20 کلوگرام ہے تو 3 کلوگرام خوراک روزانہ دینی چاہئے۔ اس میں 95٪ ٹریش فش اور 5٪ رائس پولش ملا کر مکس کریں اور دن میں 5 دفعہ تھوڑا تھوڑا کرکے دیں۔ اس میں تقریباً ایک فیصد تک وٹامن پریمکس اور 0.1 فیصد پیپرازائین دوائی بھی ڈالیں۔ یہ اجزا آپ کسی مویشی میڈیکل اسٹور سے لے سکتے ہیں۔
دوسرے مہینے: مچھلی کے وزن کے 12 فیصد کے برابر روزانہ خوراک دینی چاہئے۔ اس میں 90٪ ٹریش فش اور 10٪ رائس پولش مکس کریں اور دن میں 2 دفعہ آدھا آدھا کرکے دیں۔ وٹامن پریمکس اور دوائی بھی ڈالیں۔
تیسرے مہینے:مچھلی کے وزن کے 10 فیصد کے برابر روزانہ خوراک دینی چاہئے۔
چوتھے مہینے سے فروخت کرنے تک: مچھلی کے وزن کے 5 فی فیصد کے برابر روزانہ خوراک دینی چاہئے۔ خوراک کا وزن بتدریج کم کریں۔ خوراک میں ٹریش فش 80٪ اور چوکر 20٪ مکس کریں، ساتھ میں وٹامن اور دوائی بھی شامل کریں۔
کیا میں ضرورت کے مطابق خوراک دے رہا ہوں؟ خوراک دینے کا یہ طریقہ آپ کی رہنمائی کیلئے دیا گیا ہے لیکن دانشمندی یہ ہوگی کہ آپ روزانہ خوراک اور مچھلی کی نگہداشت کرتے رہیں۔ اگر مچھلیاں آپکی دی گئی خوراک تقریباً آدھے گھنٹے کے اندر اندر کھا جاتی ہیں تو اگلے دن آپ خوراک کی مقدار بڑھادیں۔ لیکن اگر آدھے گھنٹے بعد خوراک بچ جاتی ہے تو آپ ضرورت سے زیادہ خوراک دے رہے ہیں اور اس کی مقدار کم کردیں۔
خوراک دینے کا طریقہ: تالان میں خوراک ڈالنے کیلئے کوئی برتن جیسے مٹی کا تھال، ٹب یا تختہ رکھیں اور خوراک اس میں ڈالیں۔ خوراک ایک جگہ کے بجائے کئی جگہ اور مقرر اوقات میں ڈالیں۔ اگر ٹریش فش دے رہے ہیں تو بہتر ہے کہ اسکا قیمہ بنائیں یا اسکے چھوٹے ٹکڑے کرکے دیں اور اس میں دیگر اجزا جیسے وٹامن منرل مکسچر اور دوائی بھی ملائیں۔
ٹریش فش کہاں سے لیں؟ ٹریش فش کہاں سے لیں؟ ٹریش فش آپ کسی تالاب، نہر، جھیل یا دریا سے پکڑ یا خرید سکتے ہیں۔ لیکن اس کا بہترین حل یہ ہے کہ اسے آپ خود پالیں۔ یہ ایک طرح سے مچھلییوں کی دہری فارمنگ ہوگی۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ کیٹ فش کی فارمنگ سے پہلے ٹریش جسے یہاں ہم چارہ مچھلی یا فوریج فش کہیں گے، کی فارمنگ کریں۔ فوریج فش اور کیٹ فش آپ ایک ہی تالاب میں بھی پال سکتے ہیں اور علیحدہ بھی۔
چارہ مچھلی یا فوریج فش پالنے کا طریقہ: سب سے پہلے تالاب کی تہ میں نامیاتی کھاد ڈالیں۔ نامیاتی کھاد کیلئے جانوروں کا گوبر یا مرغیوں کی بیٹ بہترین ہیں۔ گوبر تقریباً 15 سے 20 ٹریکٹر ٹرالیاں فی ایکڑ یا پولٹری فارم کا فضلہ یا ویسٹیج کم و بیش 5 سے 10 ٹریکٹر ٹرالیاں فی ایکڑ ڈالیں۔ بہتر نتائج کیلئے مصنوئی کھاد بھی ڈالنی چاہئے۔ پانی کا رنگ گہرا سبز ہونا چاہئے اور اگر رنگ پھیکا پڑنے لگے تو گوبر یا پولٹری ویسٹ اور مصنوئی کھاد دبارہ ڈالنی چاہئے۔ بھتر نتائج کیلئے پہلی دفعہ کھاد ڈالنے کے بعد روزانہ نامیاتی کھاد بھی ڈالتے رہیں۔ لیکن خیال رہے کہ اگر پانی خراب ہو رہا ہے تو انہیں کم کردیں یا کچھ دنوں کیلئے بند کردیں۔
زرعی کھاد آپ کوئی سی بھی استعمال کر سکتے ہیں جیسے ڈی اے پی، یوریا، امونیم سلفیٹ، سپر فاسفیٹ اور ٹی ایس پی۔ لیکن ہماری رائے میں آپ درج ذیل تین کھادوں کو ملاکر ڈالیں تو آپ کے فارم کی پیداوار انشااللہ زیادہ بڑھے گی۔ ڈی اے پی 8 کلوگرام، یوریا 5 کلوگرام اور پوٹاش 1.5 کلوگرام۔ کھادوں کا یہ وزن فقط ایک ایکڑ کیلئے ہے۔ یہ سب کھادیں ملاکر پانی میں حل کرلیں اور پورے تالاب میں پھیلادیں۔ نوٹ: مصنوئی کھادیں اوپر بتائی ہوئی مقدار میں شروع کے تین ماہ میں ہر 15 دن بعد ڈالیں۔ جبکہ تین مہینے بعد ہر ماہ ایک دفعہ ڈالیں۔ نومبر، دسمبر اور جنوری میں نہ ڈالیں۔ ٹھنڈے علاقوں میں اکتوبر اور فروری میں بھی نہ ڈالیں۔
چارہ مچھلی تالاب میں کب ڈالیں؟ فوریج فش کا بچہ تالاب میں کھاد اور پانی ڈالنے کے تقریباً 3 سے 4 دن بعد ڈالیں اور اگر بڑی مچھلیاں ڈالنی ہیں تو تقریباً ایک ہفتے بعد ڈال سکتے ہیں۔
چارہ مچھلی کی اقسام اور تعداد: چارہ مچھلی کی ایسی اقسام پالی جاتی ہیں جو جلد بڑی ہوں؛ ہر تھوڑے عرصے بعد بچے دیں؛ ہر طرح کی قدرتی خوراک کھائیں جیسے الجی، پانی کے کیڑے مکوڑے وغیرہ، اور کم آکسیجن؛ کم یا زیادہ درجہ حرارت؛ اور نامناسب کوالٹی کے پانی میں بھی آسانی سے زندہ رہ سکیں اور پھلیں پھولیں۔ ایسی مچھلیوں میں تلاپیہ کی مختلف اقسام سب سے بہتر ہیں جبکہ دیگر چھوٹی اقسام کی مچھلیاں جیسے چٹی کنگی، پوپرا، شیشہ مچھلیاں یا دیگر کوئی سی وائلڈ فش ڈال سکتے ہیں۔ کئی اقسام کی فش ایک ساتھ ڈال سکتے ہیں۔ چارہ مچھلیاں اور کیٹ فش اگر ایک ہی تالاب میں پالنی ہیں تو 2:1 سے 4:1 کے تناسب سے ڈالنی چاہئیں۔ یعنی ایک کیٹ فش پر 2 سے 4 چارہ مچھلیاں؛ چارہ مچھلیاں فی ایکڑ تقریباً دو سے تین ہزار اور کیٹ فش ایک ہزار تک مناسب ہیں۔ اس تعداد میں اپنے علم اور تجربے کی روشنی میں رد و بدل کرسکتے ہیں۔ اگر چارہ مچھلیاں اور کیٹ فش علیحدہ پالنا چاہتے ہیں تو پھر چارہ مچھلیوں کی تعداد کی کوئی قید نہیں، لیکن اس میں یہ قباحت ہے کہ چارہ مچھلیاں روزانہ پکڑ کر کیٹ فش کو کھلانی پڑیں گی۔
چارہ مچھلی ڈالنے کے بعد اسے مناسب وقفہ دیں کیونکہ فوریج فش کو بڑھنے یا انڈے بچے دینے کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔ اسلئے تقریباً دو سے تین ماہ کا وقفہ مناسب رہے گا۔ اسکے بعد اس میں سے کیٹ فش کو کھلانے کیلئے مچھلی نکالنی چاہئے۔ یا اگر آپ کیٹ فش اور فوریج فش ایک ساتھ پالنا چاہتے ہیں تب بھی کیٹ فش کا بچہ اس وقفے کے بعد تالاب میں ڈالنا چاہئے۔
کیٹ فش کو ٹریش فش یا چارہ مچھلی کے علاوہ دیگر قسم کے گوشت والی کوئی بھی خوراک کھلا سکتے ہیں۔ جیسے مرغیوں یا بڑے جانوروں کی انتڑیاں یا دیگر ناکارہ اعضائ، مینڈک یا دیگر آبی جانور بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔
کیٹ فش یا کسی بھی مچھلی کی کامیاب فارمنگ کیلئے مچھلی کی صحت اور بڑھوتری پر گہری نظر رکھنی چاہئے۔ پانی کی مناسب گہرائی برقرار رکھیں (کم از کم ۵ فٹ یا اس سے زیادہ)۔ اور روزانہ تالاب کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خرابی کو بروقت روکا جاسکے۔