گندم یا دھان کی بھوسی یا دیگر خشک قسم کی گھاس کی غذائیت اور اس میں پروٹین کی مقدار بڑھانے کیلئے یوریا، مولاسس اور دیگر اجزا شامل کئے جا تے ہیں۔ اس طرح مویشیوں کی صحت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دودھ کی پیداوار بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔ یہاں ہم گندم یا دھان کی بھوسی یا دیگر خشک قسم کی گھاس میں یوریا کی آمیزش کے ذریعے غذائیت بڑھانے کا طریقہ بتائیں گے۔
طریقہ ڈھائی من خشک گھاس کو پلاسٹک کی بڑی شیٹ پر پھیلادیں اور پھر چار (۴) کلوگرام یوریا کو کسی ڈرم میں تقریباً چالیس (۴۰) لٹر پانی میں گھول لیں اور اس محلول کو خشک بھوسی پر چھڑکاؤ کریں۔ چھڑکاؤ اسطرح کریں کہ تمام بھوسی اس میں بھیگ جائے۔ اب اسکی گٹھڑی بناکر بند کردیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ کہیں سے بھی اس میں ہوا داخل نہ ہوسکے۔ اگر محسوس ہو کہ ہوا کا راستہ کھلا ہے تو اسے اوپر سے مٹی کا گارا لگاکر سیل کردیں۔ تاہم اس کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ بھوسی کو کسی پلاسٹک کے تھیلے میں ڈالکر اوپر سے سی دیں۔ یوریا لگی بھوسی کو تقریباً ایک مہینہ تک اس طرح مکمل بند رہنے دیں۔
ایک مہینہ بعد غذائیت سے بھرپور بھوسی جانوروں کو کھلانے کیلئے تیار ہے۔ اسے مویشیوں کو سبز چارے کے ساتھ ملاکر کھلائیں یا خالص دونوں صورتوں میں بہترین ہے۔ اگر اسے اچھی طرح تیار کیا جائے تو یہ کسی ونڈے سے غذائیت میں کم نہیں ہے۔ چاہیں تو غذائیت مزید بڑھانے کیلئے اس میں مولاسس بھی شامل کرسکتے ہیں۔ اس سے اس کی غذائیت کئی گنا تک بڑھائی جاسکتی ہے۔